نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی الیکشن 2019ء میں متعدد فلمی ستاروں نے بھی حصہ لیا۔ بالی وڈ کے کئی بڑے برج الٹ گئے، غیرمعروف اداکار کامیاب رہے،سنی دیول ‘ کرن کھیر ‘ہیمامالنی،‘منوج تیواری جیت گئے ‘ارمیلا‘پرکاش راج، جیا پرادا،شتروگھن سنہا اور راج ببر ناکام رہے،دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے بیشتر اداکاروں سنی دیول، کرن کھیر ، ہیمامالنی اور منوج تیواری ، روی کشن نے اپنی اپنی سیٹیں جیت لیں، تاہم کانگریس کاٹکٹ لینے والے راج ببر، شتروگھن سنہا اور ارمیلا ماٹونڈکر ہار گئے۔ سنی دیو ل نے گرداس پور کے حلقے میں مدمقابل امیدوار کانگریس کے سنیل جھاکڑکو 68 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہرایا، ہیما مالنی نے اترپردیش کے حلقے متھرا ، شتروگھن سنہا بہار کے حلقے پٹنہ صاحب، اور ارمیلا نے ممبئی شمالی کے حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیاجبکہ منوج تیواری شمال مشرقی دہلی اور کرن کھیرچندی گڑھ سے الیکشن لڑیں۔موجودہ وفاقی وزیر اور اداکارہ سمرتی ایرانی نے بی جے پی کی ٹکٹ پر اتر پردیش کے حلقے امیٹھی میںراہول گاندھی
کو ہرایا۔معروف ولن پرکاش راج کرناٹک کے شہر بنگلورو سے میدان میں اترے، تاہم انہیں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، گلوکار ہنس راج ہنس نے بی جے پی کے ٹکٹ پر دہلی سے کامیابی حاصل کی،بنگالی فلموں کے اداکار دیو نے بنگال کے حلقے گھاتل سے آل انڈیا ترینیمول کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔راج ببر نے کانگریس کی طرف سے اتر پردیش کے حلقے فتح پور سکری سے الیکشن لڑا تاہم وہ ہار گئے، بابل سپریو نے بی جے پی کی ٹکٹ پر ریاست مغربی بنگال کے حلقے اسنسول میں آل انڈیا ترینیمول کانگریس کی امیدوار اداکارہ مون مون سین کو ہرایا۔اداکارہ ممی چکربورتی نے کولکتہ کے نواحی حلقے جداوپور سے آل انڈیا ترینمول کانگریس اور روی کشن نے اترپردیش کے حلقے گورکھ پور سے بی جے پی کی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔ماضی کی مقبول اداکارہ اور اداکار شتروگن سنہا کی اہلیہ پونم سنہا سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر لکھنؤ سے بی جے پی کے راج ناتھ سنگھ سے ہار گئیں۔بی جے پی میں شامل ہونیوالی جیا پرادا کو اتر پردیش کے حلقے رامپور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Source-
0 comments: