پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں مقامی سطح پر تیار کئے جانے والے کروز میزائل کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ میزائل پاک بحریہ کی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) سے فائر کیا گیا جوبحری جہاز کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خشکی پر اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پاک بحریہ کے جہاز سے میزائل فائرنگ کے اس کامیاب مظاہرے کو دیکھا۔ میزائل نے زمین پر انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا جو کہ مقامی میزائل سسٹم کی بھر پور صلاحیتوں کا عکاس ہے۔
کامیاب میزائل فائرنگ کا یہ مظاہرہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پاکستان کی دفاعی صنعت کی جانب سے اعلیٰ ٹیکنالوجی کے حامل ہتھیاروں کی مقامی سطح پر اعلیٰ ترین تیاری کا مظہر ہے۔ یہ امر دفاع کے شعبے میں خود کفالت کے حکومتی عزم کا مظہر بھی ہے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے وائس چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کے جنگی بیڑے کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور کامیاب میزائل فائرنگ کے انعقاد پر متعلقہ افراد کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے مقامی وسائل کے استعمال سے دفاعی صلاحیتوں کے حصول پر زور دیا۔ وائس چیف آف نیول سٹاف نے ہر قیمت پر ملک کے بحری دفاع اور قومی میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت کے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے میزائل پراجیکٹ کی کامیابی میں پاکستانی انجینئرز اور محقیقین کی کوششوں کو بھی سراہا
Source-
0 comments: