خیبرپختون خوا میں گدھوں کی افزائش اور برآمدگی کے منصوبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، صوبے کے دو مقامات پر گدھوں کے فارمز بنیں گے۔
ابتدائی مرحلے میں بیمار، لاغر، معذور اور بوڑھے گدھےبرآمد کیے جائیں گے۔
محکمہ لائیواسٹاک خیبرپختون خوا کے حکام کے مطابق توقع ہے کہ رواں سال صوبے میں مانسہرہ اور ڈی آئی خان میں گدھوں کے فارمز پر کام شروع ہو جائے گا، یہ فارمز غیر ملکی پارٹنر شپ سے بنائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ چائینز کمپنیاں گدھوں کی فارمنگ میں دلچسپی رکھتی ہیں، تاہم ایسی کمپنی سے معاہدہ کریں گے، جو چینی حکومت کے ساتھ منسلک ہو۔
محکمہ لائیواسٹاک خیبرپختون خوا کے حکام کا مزید کہنا ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں گدھوں کے افزائشی فارمز کے لیے تین بلین ڈالرز تک کی سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہتے ہیں تاکہ خیبرپختون خوا میں گدھو ں کی کمی نہ ہو، فارمزمیں گدھوں کی افزائش ڈھائی سے تین سال میں ہوجاتی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختون خوا میں 70 ہزار خاندانوں کا روزگار گدھوں پر منحصر ہے، ابتدائی مرحلے میں بیمار، لاغر، معذور اور بوڑھے گدھے چین سپلائی ہوں گے، ابتدائی تین سال 80 ہزارگدھے بھجوانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق چین میں گدھوں کی مانگ بہت زیادہ ہے،چینی شہری گدھے کا گوشت اور دودھ استعمال کرتے ہیں، جبکہ گدھے کے مختلف اجزاء ادویات، میک اپ اور فرنیچرکی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں، چین میں گدھے کے بالوں اور کھالوں کی بھی مانگ ہے۔
Source-https://jang.com.pk/news/604027-chinese-investment-for-donkey-farming-in-kpk
0 comments: