ماڈل و اداکارہ ’’کبریٰ خان‘‘ 20 جنوری 2019

  • Posted by Mian Zahoor ul Haq
  • at 12:23:00 AM -
  • 0 comments
ٹی وی یا سلور اسکرین کو آئے روز نئے چہروں کی طلب رہتی ہے، پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹر ی اس حوالے سے خوش قسمت ہے کہ اسے کبریٰ خان جیسی خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ ملی۔ روایتی کردار ہو یا ماڈرن، قبائلی ہو یا شہری، کبریٰ خان ہر کردارکو پرفیکٹ بنانے میں ماہر ہیں۔ وہ اداکارہ ہونے کے ساتھ ایک بہترین ماڈل بھی ہیں، انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز2014ء میں کیا۔ کبریٰ خان نے جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامے ’ خدا ا ورمحبت ـ‘میں کام کرکے لوگوں کے دل جیت لیے۔
14جون 1993ء کو ملتان میں پیدا ہونے والی کبریٰ کا اصل نام رابعہ خان ہے، جو لندن میں پلی بڑھی ہیں۔ کبریٰ کی بہن فاطمہ خان بھی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہیں۔ کبریٰ خان نے شوبزکی دنیا میں قدم رکھا تو شروعات ماڈلنگ سے کی، لیکن پھر مختلف گلوکاروں کے گانے کی ویڈیوز میں ماڈلنگ کرکے انھیں اداکاری کرنے کا موقع ملا۔ پہلے فلم میں کام کیا، پھر ٹی وی ڈراموں میں اور اب یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ کبریٰ خان سیکھنے پر یقین رکھتی ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں ایک ہی چیزسیکھی ہے کہ ہرروز کچھ نہ کچھ نیا سیکھنا چاہیے۔ اداکارہ کبریٰ خان کا ماننا ہے کہ پیسے لگا کرکبھی بھی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی اور شہرت کی بلندیوں پرپہنچنے کے لیے محنت کی ضروری ہے۔ اسی عزم کے ساتھ وہ شوبزانڈسٹری میں کام کررہی ہیں اور انہیں بہت جلد وہ مقام حاصل ہوگیا ہے، جس کے لیے لوگ برسوں محنت کرتے ہیں۔
ایک خبر کے مطابق کبریٰ خان نے ایک کمرشل میں کام کرنے کا معاوضہ35لاکھ روپے مانگ کر ڈائریکٹر کے ہوش اڑا دیئے۔ کچھ عرصہ قبل لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک ڈائریکٹر نے جب کبریٰ خان سے بیوٹی کریم کے کمرشل میں کام کر نے کے لئے رابطہ کیا تو انہوں نے خطیررقم کا مطالبہ کردیا، جس میں کمی کے لئے بھی کہا گیا لیکن کبریٰ خان اس پر تیار نہ ہوئیں۔ بعد ازاں اس کمرشل میں معروف بھارتی اداکارہ کو کاسٹ کرلیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مقبول بھارتی اداکارہ نے کبریٰ خان کے مقابلے میں کم معاوضہ وصول کیا۔ جب سے کبریٰ فلم ،ٹی وی اور فیشن انڈسٹری میں باقاعدگی سے کام کررہی ہیں، تب سے وہ کسی بھی پراجیکٹ میں کام کرنے کا بہت زیادہ معاوضہ طلب کرتی ہیں۔
فلم انڈسٹری میں ہیروئینز کو رقص کی مہارت درکار ہوتی ہے اور اس حوالے سے کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ فلمی ہیروئینز کو اداکاری کے ساتھ رقص پر بھی مکمل عبور حاصل ہو نا چاہیے۔ ان دنوں وہ ٹی وی اور فلم کے مختلف پروجیکٹس میں مصروف ہیں، ماڈلنگ کا سلسلہ بھی ساتھ ساتھ جاری ہے۔ ماڈلنگ و اداکاری میں نام کمانے کی جدوجہد میں مصروف کبریٰ خان نے اب ڈانس کی تربیت بھی حاصل کرنا شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے ان کا مؤقف ہے کہ ایک پروفیشنل اور ورسٹائل اداکارہ بننے کے لیے ضروری ہے کہ خود سے رقص کرنا آتا ہو۔ ماضی کی معروف اداکارائیں خوبصورت اداکاری کے ساتھ رقص پر بھی مکمل مہارت رکھتی تھیں، جس کی وجہ سے وہ اپنے پرستاروں کے دلوں میں آج بھی گھر کئے ہوئے ہیں۔
کبریٰ خان انگلش فلم The Conversations میں بھی کردار ادا کرچکی ہیں، اس کے علاوہ ان کے کریڈٹ بالی ووڈ فلم ویلکم ٹو کراچی بھی ہے، جو انھوں نے 2015ء میں کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک کام کرنے کے بعد ملکی فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے کا اپنا ہی مزا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ پہلی پاکستانی فلم میں ان کی پرفارمنس شائقین کو پسندآئی جس سے انھیں حوصلہ ملا۔ میکال ذوالفقار، فہد مصطفیٰ، جاوید شیخ، نیئر اعجاز و دیگر کیساتھ کام کرکے لطف آیا اوران سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی ملا۔ انہوں نے کہا کہ فلموں میں ٹی وی فنکاروں کے جلوہ گر ہونے سے فلم بینوں کو نئی چوائس مل گئی ہے، جو فنکار زیادہ فلموں میں کام کررہے ہیں، انہوں نے ٹی وی ڈراموں سے دوری اختیار کرنا شروع کردی ہے۔ ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت سیزن 2‘نے کبریٰ خان کو ایک نئی شناخت دی۔ وہ کہتی ہیں کہ اب تک کئی فلموں میں کام کرچکی ہوں لیکن ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کا اپنا الگ ہی مزا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی فلموں کی آفرزہیں لیکن ڈراموں کے سخت شیڈول کی بنا پر انہیں قبول نہیں کررہی۔

Author

Written by Admin

Aliquam molestie ligula vitae nunc lobortis dictum varius tellus porttitor. Suspendisse vehicula diam a ligula malesuada a pellentesque turpis facilisis. Vestibulum a urna elit. Nulla bibendum dolor suscipit tortor euismod eu laoreet odio facilisis.

0 comments: